نئی دہلی، 26دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اگلے سال فروری ماہ کے آغاز میں مودی حکومت اپنا تیسرا بجٹ پیش کرے گی۔اسی بجٹ پر بحث کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی منگل کو ملک و بیرون ملک کے سینئر ماہرین اقتصادیات اور تجزیہ کاروں سے ملیں گے۔نیتی آیوگ کی جانب سے بلائی گئی میٹنگ میں وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور وزارت خزانہ کے اعلی افسران بھی شامل ہوں گے۔اس طرح کی پی ایم مودی کی یہ سال میں پہلی میٹنگ ہے۔میٹنگ میں نوٹ بندی پر بھی بحث کی جا سکتی ہے۔نیتی آیوگ کی طرف سے منعقدہ میٹنگ میں وزیر اعظم ماہرین اقتصادیات سے بجٹ کو لے کر بھی تجاویز مانگ سکتے ہیں۔اس میٹنگ میں نیتی آیوگ وزیر اعظم مودی کے سامنے اگلے 15سال کو لے کر آراء بھی رکھ سکتا ہے۔28جولائی کو وزیر اعظم نے نیتی آیوگ سے ہندوستان کی ترقی کے لئے اگلے 15سال کے لئے ویژن ڈاکیومنٹ بنانے کو کہا تھا۔حکومت کی طرف سے یہ اشارہ مل چکا ہے کہ اس بار کا بجٹ ایسی کئی سوغات لے کر آنے والا ہے جو عام آدمی کو نوٹ بندی سے ہوئی مشکلات سے راحت دلائے۔
میٹنگ میں جن لوگوں کو مدعو کیا گیا ہے، ان لوگوں میں وویک دہیجیا (معاشیات کے پروفیسر)، این آئی پی ایف سی کے ڈائریکٹر رتھن رائے، کریڈٹ ساس کے منیجنگ ڈائریکٹر نیل کانت مشرا اورآ کسس سرمایہ کاری کے صدر سرجیت بھلا جو کہ انڈین ایکسپریس میں کالم نگار ہیں۔ساتھ ہی نیتی آیوگ کے رکن ببیک دیب رائے، وی کے سارسوتو اور رمیش چند کے ساتھ کامرس اور خزانہ وزارتوں کے سیکرٹری سطح کے افسران کے بھی اس میٹنگ میں حصہ لینے کا امکان ہے۔